” سلیکٹڈ حکومت نے پولیس کو بھی تحفظ کا محتاج بنا دیا “
12:59 PM, 14 Apr, 2021
کراچی (پبلک نیوز) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ رواں ہفتہ ہونے والے تشدد کے واقعات سے واضح ہے سلیکٹڈ حکومت نے ملک کو ایک دلدل میں دھکیل دیا۔ ایسی خطرناک دلدل میں دھکیلا گیا ہے، جہاں کوئی بھی محفوظ نہیں ہے۔ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں پولیس بھی تحفظ کی محتاج نظر آتی ہے۔ حکومت نے عوام کو بے یارومددگار چھوڑ دیا ہے۔ملک کے مختلف حصوں میں گذشتہ تین روز سے جاری تشدد کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کے تشدد، اغوا، سرکاری و نجی املاک پر قبضے اور پولیس اہلکاروں پر مشتعل ہجوم کے حملوں کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ان واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ حکومت کو اس کی ذمہ داری نبھانے سے گریز کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ہمدردیاں پولیس اہلکاروں سمیت شہید ہونے والے تمام بے گناہ شہریوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ پرتشدد واقعات کے زخمیوں کو بھتر علاج معالجے کی سہولیات کو یقینی بنایا جائے۔