عمران خان کی جان کو خطرہ، شیخ رشید نے آگاہ کردیا
03:44 AM, 14 Apr, 2022
اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ عالمی قوتیں ہم پر مسلط کرنے کیلئے کرائے کے ٹٹو لے آئی ہیں تاکہ ہماری آزاد خارجہ پالیسی کو لگا دی جا سکے۔ یہی قوتیں عمران خان کی جان بھی لے سکتی ہیں۔ یہ بات انہوں نے گذشتہ روز پشاور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ آج افسوس ہوتا ہے کہ جو لوگ ہمارے ساتھ وزارتوں کے مزے لوٹتے رہے انہوں نے مشکل وقت میں ساتھ چھوڑ دیا۔ ایم کیو ایم سے اچھی دوستی ہے خدا کرے موجودہ سیٹ اپ میں ان کا کوئی کام بن جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اصلی اور نسلی نہیں ہوتے جو مشکل وقت میں کھڑے نہ ہوں۔ منحرف لوگ کس منہ سے اس ملک میں عوام کے سامنے اپنی سیاست کریں گے؟ انہوں نے کہا کہ عوام ایک مہینہ انتظار کرلیں، عمران خان اسلام آباد کی کال دیںگے۔ انہوں نے تمام سیاسی کارکنوں سے کہا کہ فوج کے خلاف کوئی نعرہ نہیں لگنا چاہیے۔ شیخ رشید احمد کا ملک کی سیاسی صورتحال اور اس میں غیر ملکی مداخلت پر بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سپر پاور امریکا کو عمران خان کی آزاد اور غیر جانبدار پالیسی پسند ہی نہیں ہے۔ اسے یہ پتا ہی نہیں کہ پاکستان کے عوام ان موجودہ حکمرانوں کی شکلیں تک دیکھنا نہیں چاہتے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان دنیا کی آنکھ میں آنکھ ڈال کر بات کرتے ہیں جبکہ موجودہ حکمران تو عالمی بھکاری ہیں۔ عمران خان عوام کا لیڈر ہے، ان کے جانے کے غم میں لوگوں نے اپنے پاسپورٹ پھاڑنا شروع کر دیئے ہیں۔