امپورٹڈ حکومت نامنظور، چوروں کیخلاف اعلان جنگ
04:15 AM, 14 Apr, 2022
پشاور: (ویب ڈیسک) سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں آج سے امریکا کی جانب سے مسلط کئے گئے چوروں کیخلاف اعلان جنگ کر رہا ہوں۔ ہم ان چوروں کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔ امپورٹڈ حکومت نامنظور ہے۔ پشاور میں پی ٹی آئی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ کان کھول کر سن لو، یہ 70ء کی دہائی نہیں جب امریکا نے سابق ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت گرائی تھی۔ قوم ان ڈاکوئوں کو کبھی تسلیم نہیں کرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نے بڑے ڈاکوئوں کو ہم پر مسلط کرکے ہماری بڑی توہین کی ہے۔ جس دن میں نے عوام کو کال دیدی تو شہباز شریف کو کہیں منہ چھپانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔ آج فیصلہ کرنا ہے کہ ہم غلامی چاہتے ہیں یا آزادی؟ عمران خان نے کہا کہ شہباز شریف پر 40 ارب روپے کی کرپشن کے کیسز ہیں۔ میں نے کیا جرم کیا تھا کہ رات 12 بجے عدالتیں لگائی گئیں؟ کیا میں نے کبھی قانون توڑا؟ میرا جینا مرنا پاکستان کیساتھ ہے۔ پیارے ججز میں آزاد عدلیہ کی وجہ سے جیل بھی گیا تھا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ کیا یہ چور نیوکلیئر پروگرام کی حفاظت کر سکتے ہیں؟ ہمارا جوہری پروگرام ان لوگوں کے ہاتھ میں ہے جن کے پیسے باہر پڑے ہوئے ہیں۔ ان چوروں کی حکومت کبھی قبول نہیں کرینگے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کو بھی تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ کبھی غلط فہمی میں رہنا ہم پاکستان میں تمہارا انتظار کر رہے ہیں۔