(ویب ڈیسک ) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ آج بھی کچھ ایسے سیاستدان ہیں جو پی این اے پارٹ 2 لانا چاہتے ہیں، یہ سیاستدان سازش کرکے ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں ۔
گڑھی خدا بخش میں سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو کی برسی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے کہا کہ گالم گلوچ کی سیاست سے ملک کو نقصان ہوگا، سیاستدانوں کو چاہیےکہ مل کر عوام کو پریشانی سے نکالیں۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کا نقصان ہوگا تو سب سے پہلے نقصان عوام کا ہوگا، سیاسی قوتوں سے اپیل کرتا ہوں ہوش کے ناخن لیں، تمام سیاسی جماعتوں کو قومی مفاہمت پر کام کرنا چاہیے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آج ہم 2 صوبائی حکومتیں سنبھال رہے ہیں، 2 جیالے وز یراعلیٰ منتخب ہوئے، جیالا چیئرمین سینیٹ منتخب ہوا ہے، دوسری بار آصف زرداری کو صدر منتخب کرایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے آئین بحال کیا، این ایف سی کے ذریعے صوبوں کو حق دیا، صدر زرداری نے بھٹو کے قتل پر عدالتی ریفرنس بھیجا، سپریم کورٹ سےثابت ہوگیاکہ قائد عوام سے ناانصافی ہوئی اور فیئر ٹرائل نہیں ملا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ بہت سی قوتیں جمہوریت پر یقین نہیں رکھتی تھیں، سازشیں پکاتے رہتے تھے، صدر زرداری نے سازشیں ناکام بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی کچھ سیاستدان ہیں جو پی این اے 2 لانا چاہتے ہیں، کچھ سیاستدان ذاتی اناکے لیے ملک اور عوام کی قسمت سے کھیلتے ہیں، اب وہ دھاندلی کا ڈھول بجا کرملکی معیشت اور ملک کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔