قائد اعظمؒ و علامہ اقبالؒ کے مزارات پر گارڈز کی تبدیلی
05:33 AM, 14 Aug, 2021
کراچی / لاہور ( پبلک نیوز) وطن عزیز کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر آج صبح سویرے کراچی میں مزار قائد اعظم محمد علی جناح اور لاہور میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبال ؒ کے مزارات پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریبات منعقد ہوئیں۔ کراچی میں بانی پاکستان کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کے موقع پر پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس نے اعزازی گارڈ کے فرائض سنبھالے، کموڈور سہیل احمد عزمی نے بطور مہمان خصوصی تقریب میں شرکت کی، انہوں نے مزار قائد پر فاتحہ خوانی کی، پھول رکھے اور وطن عزیز کی سلامتی کی دعا مانگی، اس موقع پر کموڈور سہیل عزمی نے مزار قائد پر یادگاری کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، پاکستان رینجرز کی جگہ پاک فوج کےچاک و چوبند دستے نے مزار پر گارڈز کی ذمہ داریاں سنبھالیں، میجر جنرل انیق الرحمن ملک تقریب کے مہمان خصوصی رہے، جنہوں نے مزار اقبال پر پھول رکھے، ملک و قوم کی ترقی کیلئے دعا کی اور یادگاری کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کئے۔