لاہور(پبلک نیوز) پاکستان میں آج یوم آزادی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے تاہم ہر سال کی طرح اس سال بھی سوشل میڈیا صارفین اور عوام اس تذبذب کا شکار ہے کہ یہ پاکستان کا 75 واں یوم آزادی ہے یا 74 واں ؟
منظر نامے کا بغور جائزہ لینے پر یہ بات عیاں ہوتی ہے کہ کئی میڈیا چینلز بھی اس معاملے پر بے یقینی کا شکار ہیں کہ ہم کونسا یوم آزادی منا رہے ہیں؟ دیکھا گیا ہے کہ کئی مؤقر میڈیا چینلز کی جانب سے اسے 74 واں یوم آزادی قرار دیا گیا جبکہ کچھ کی جانب سے کہا گیا کہ آج 75 واں یوم آزادی ہے.میڈیا چینلز کی غیر حتمی رپورٹنگ کی وجہ سے اس پر مزید کنفیویژن بڑھی۔
سوشل میڈیا پر بھی صارفین اس معاملے پر بحث کرتے دکھائی دے رہے ہیں، عاصم نامی صارف نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ایک التجا! پلیز یہ فیصلہ کر لیں کہ یہ 75 واں یوم آزادی بے یا 74 واں ؟ آدھے نیوز چینل 75 واں کہہ رہے آدھے 74 واں۔ پہلے اس پہ اتفاق کر لیں
صحافی نجم ولی خان کا اپنے ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ ہم کتنواں یوم آزادی منا رہے ہیں، 74 واں یا 75 واں؟
دراصل معاملہ یہ ہے کہ آج پاکستان کی 74 ویں سالگرہ ہےاور 75 ویں یومِ آزادی ہے. اعداد وشمار کے لحاظ سے سالگرہ کی گنتی ایک سال بعد شروع ہوتی ہے جیسا کہ کسی بھی شخص کی سالگرہ اسکی تاریخ پیدائش ایک سال مکمل ہونے پر ایک سال گنی جاتی ہے، تاہم یوم آزادی کا معاملہ مختلف ہے، پاکستان کا پہلا یوم آزادی 14 اگست 1947 ء تھا ، اس حساب سے آج پاکستان کا 75 واں یوم آزادی ہے.