بلوچستان کے طلبہ و طالبات کا پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ

01:00 PM, 14 Aug, 2021

احمد علی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) بلوچستان ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ سی پیک کے منصوبوں کی بدولت نہ صرف صوبہ بلوچستان اور ملک پاکستان ترقی کی نئی منزلیں طے کرے گا بلکہ علاقائی ترقی و خوشحالی کا سورج بھی نئی آب وتاب کے ساتھ طلوع ہو گا۔ نوجوان نسل قوم کا مستقبل ہونے کے ناطے ملکی ترقی، خوشحالی اور اپنے روشن مستقبل کے لیے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار قائم مقام صدر پاکستان محمد صادق سنجرانی نے یوم آزادی کے پر مسرت موقع پر پارلیمنٹ ہاؤس کا دورہ کرنے والے بلوچستان کے مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کے وفد سے خطا ب کرتے ہوئے کیا۔ قائم مقام صدر نے صوبہ بلوچستان کے 7 اضلاع کے طلباء وطالبات کے 100 رکنی وفد کو پارلیمنٹ ہاؤس میں خوش آمدید کہا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ امر انتہائی حوصلہ افزا ء ہے کہ بلوچستان کے طلباء و طالبات پر مشتمل وفد ان دنوں مطالعاتی دورے پر ہے اور اس دورے کی بدولت نوجوان نسل کو اہم قومی امور اور معاملات پر آگاہی حاصل ہوگی۔ قائم مقام صدر نے وفد کویوم آزادی کی مبارکباد دی۔ محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے قدرتی وسائل سے بھرپور استفادہ اور فروغ تعلیم ناگزیر ہے۔ بلوچستان میں نوجوان نسل کے مستقبل کو روشن کرنے کے لیے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل تعلیم حاصل کر کے ان سے فائدہ اٹھائیں۔ بلوچستان قدرتی وسائل کی دولت سے مالا مال ہے اور سی پیک منصوبہ جات سے بلوچستان کی عوام اور خاص طور پر پڑھے لکھی نوجوان نسل بھرپور استفادہ حاصل کر سکتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ گوادر میں بجلی اور پانی کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ایران کے نومنتخب صدر سے بجلی کے مسئلے پر تفصیلی مشاورت کی ہے۔ ایران کے صدر نے بجلی فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تجارت کے فروغ کیلئے بارڈر پر 6 مقامات طے کیے ہیں جہاں سے تجارت کی جا سکے گی۔ صادق سنجرانی نے بتایا کہ بجلی و پانی کا مستقل حل ایک سال کے اندر تلاش کر لیا جائے۔ گوادر کونیشنل گرڈ سے بھی ملایا جارہا ہے اس کیلئے 18 ارب روپے کی لاگت آئے گی۔ پانی کے مسئلے کے حل کیلئے انھوں نے کہا کہ نمکین پانی کومیٹھا بنانے کے لیے منصوبہ لگایا جائے گا جو پانی کے مسئلے کا مستقل حل ہے۔ انھوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں سولر، ونڈ و دیگر ذرائع سے بھی بجلی پیدا کرنے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔فروغ تعلیم و ظائف کی فراہمی کے حوالے سے قائمقام صدرنے کہا کہ بلوچستان کے 300 بچوں کی اعلیٰ تعلیم کیلئے چین کی حکومت سے وظائف کے لیے بات کروں گا اگر چین کا دورہ بھی کرنا پڑا تو ضرور جاؤں گا۔ مزید کہا کہ بلوچستان کے بچوں کو ملک کے دیگر بچوں کی طرح اعلیٰ تعلیم یافتہ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھاؤں گا۔ سعودی حکومت نے بھی وظائف اور اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے 50 سے60 بچوں کی تفصیلات طلب کی ہیں وہاں بھی بلوچستان کے بچوں کو بھیج کر اعلیٰ تعلیم حاصل کرائی جائے گی۔ گوادر میں روزگار کے حوالے سے محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ مقامی آبادی کو ٹیکنکل تعلیم حاصل کرنی چاہیے۔ گوادر میں کام کرنے والی کمپنیوں کے پاس روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں جس سے فائدہ اٹھایا جائے اور ان کمپنیوں میں ملک کے دیگر حصوں سے بھی لوگ آتے ہیں ہمیں ان سے سیکھنا چاہیے۔
مزیدخبریں