مزار قائد اور مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پر وقار تقاریب

05:51 AM, 14 Aug, 2022

احمد علی
آج ملک میں 75 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، اسی مناسبت کے ساتھ مزار قائد اور مزار علامہ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق مزارِ قائد پر اعزازی گارڈ کی تعیناتی کی تقریب میں پاک نیول اکیڈمی کے نیول کیڈٹس نے اعزازی گارڈزکی ذمہ داریاں سنبھالیں اور تقریب کے مہمان خصوصی کموڈور محمد خالد نے مزار قائد پر گلدستہ رکھا، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب پر اپنے تاثرات درج کیے۔ یوم آزادی کے موقع پر مزار قائد میں ہو نے والی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب میں پاک بحریہ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ خواتین کیڈٹس نے بھی حصہ لیا۔ اعزازی گارڈز نیول اکیڈمی کے کیڈٹس اور سیلرز کے دستوں پر مشتمل ہے جن میں 48 کیڈٹس بشمول 2 فیمیل کیڈٹس اور 32 سیلرز شامل ہیں۔

مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی تقریب دوسری جانب پاکستان کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر مزار علامہ اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی ایک پروقار تقریب کا انعقاد ہوا جس کے مہمان خصوصی میجر جنرل شہباز خان تھے۔

مزار اقبال پر ہونے والی تقریب میں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے پنجاب رینجرز سے لیکر اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے ہیں۔ گارڈز کی تبدیلی کی تقریب کے مہمان خصوصی میجر جنرل شہباز خان نے گارڈز کی تبدیلی کے عمل کا معائنہ کیا، مزار پر پھولوں کا گلدستہ رکھا اور فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی درج کیے۔
مزیدخبریں