سدا سلامت رہے میرا پیارا پاکستان، فنکاروں کی قوم کو جشنِ آزادی کی مبارک باد

10:22 AM, 14 Aug, 2024

ویب ڈیسک:آج ملک میں اور بیرونِ ملک موجود ہر پاکستانی 78 واں یومِ آزادی ملی جوش و جذبے کے ساتھ منا رہا ہے، جن میں ملکی شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف شخصیات بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق انٹرٹینمنٹ کی دنیا سے تعلق رکھنے والی بیشتر معروف شخصیات نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹا گرام پر پوسٹ اور اسٹوری شیئر کر کے اپنے پرستاروں کو جشنِ آزادی کی مبارک باد پیش کی ہے۔

مایاناز سینئر اداکارہ صبا فیصل نے آزادی کا جشن گول گپے اور بن کباب کے چٹخاروں کے ساتھ منایا اور زندگی سے بھرپور ان لمحات کو اپنے فالوورز کے ساتھ انسٹا اسٹوری کے ذریعے شیئر کیا۔

گلوکارہ آئمہ بیگ اور اداکارہ عریبہ حبیب نے بھی انسٹا اسٹوری شیئر کر کے قوم کو آزادی کی مبارک باد پیش کی ہے۔

کچھ عرصہ قبل اپنے والد کو کھونے والی اداکارہ مومنہ اقبال بھی والد کی وفات کے بعد پہلی بار اپنے چاہنے والوں کے ساتھ کوئی خوش منا رہی ہیں، انہوں نے سبز لباس میں اے آئی جینیریٹڈ تصویر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔

ملکی صورتِ حال سے پریشان اداکارہ مائرا خان نے سست رفتار انٹرنیٹ کی کی شکایت کی ہے اور سوال کیا ہے کہ ہم ترقی کرنے کے بجائے زمانۂ قدیم میں واپس جا رہے ہیں، کیا پھر بھی آپ آزادی کا جشن منائیں گے؟

ادھر اداکارہ رابعہ بٹ تمام تر خراب صورتِ حال کے باوجود مستقبل سے پُر امید نظر آئیں۔

انہوں نے انسٹا اسٹوری میں قومی پرچم شیئر کیا اور لکھا ہے کہ اس ملک کے باسی جیسے بھی ہوں تجھ سے بے پناہ محبت ہے کیونکہ تجھے ماں کہتے ہیں، ماں کی اولاد جیسی بھی ہو، ماں کی ذمے داری نہیں اُٹھاتی، پھر بھی ماں کے لیے یہ کافی ہوتا ہے کہ وہ اسے جگہ دے رہی ہے، تجھے سلام، پاکستان زندہ باد۔

معروف فیشن ڈیزائنر ایچ ایس وائی، اداکارہ مایا خان، جویریہ سعود اور اداکار سعود نے سبز و سفید ملبوسات میں تصاویر شیئر کی کرتے ہوئے آزادی کی مبارک باد پیش کی ہے۔

ایچ ایس وائی نے اپنے قریبی دوستوں کے ساتھ جشنِ آزادی مناتے تصاویر بھی شیئر کی ہیں۔

اداکارہ نادیہ افغان، حمائمہ ملک اور میڈیا پرسنیلیٹی ثناء شاہنواز نے بھی قومی ہیروز اور پرچم کی تصویر کے ساتھ اپنے فالوورز کو آزادی کی مبارک باد پیش کی ہے

نادیہ افغان نے دعا گو ہوتے ہوئے انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ سدا سلامت رہے میرا پیارا پاکستان، اللّٰہ ہر پاکستانی کو محنتی، ایماندار اور سچا بنائے اور ہم سب سے پہلے پاکستان کا سوچیں، رنگ نسل اور مذہب کی بنیاد کی فکروں میں نہ بٹیں۔

انہوں نے مزید دعا کی ہے کہ اللّٰہ ہم کو سیدھا اور سچا راستہ دکھائے اور ہمارے حکمرانوں کو شرم دلائے، اللّٰہ اس ملک کو انسانوں اور جانوروں کے لیے محفوظ بنائے، آمین، پاکستان زندہ باد۔

مزیدخبریں