(ویب ڈیسک ) بالی و وڈ کے معروف اداکار راج پال یادیو کی جائیداد قرض کی عدم ادائیگی پر ضبط کرلی گئی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی ریاست یوپی کے شاہ جہاں پور میں اداکار راج پال یادیو کی کروڑوں روپے کی جائیداد کو سینٹرل بینک آف انڈیا نے قرض ادا نہ کرنے پر ضبط کر لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار نے 3 کروڑ روپے کا قرض لیا تھا اور اپنے والد کی شاہ جہاں پور میں ملکیتی جائیدادیں بطور ضمانت رکھی تھیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ راج پال یادیو نے سینٹرل بینک آف انڈیا کی ممبئی برانچ سے قرض لیا تھا اور عدم ادائیگی کی وجہ سے قرض کی رقم بڑھ کر 11 کروڑ روپے ہوگئی۔
رپورٹس کے مطابق 8 اگست کو ممبئی بینک کی برانچ کی ایک ٹیم شاہ جہاں پور پہنچی اور جائیداد کو سیل کر دیا۔
خیال رہے کہ راج پال یادیو ایک معروف بھارتی اداکار ہیں، انہوں نے ، بھول بھلیا، ڈھول، پھر ہیرا پھیری، دے دنا دن، چھپ چھپ کے میں کام کیا ہے۔
راج پال کو اپنی کامیڈی اور ورسٹائل اداکاری کی وجہ سے شہرت حاصل ہے۔