ویب ڈیسک: پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ نمرہ خان کے مبینہ اغواء سے متعلق پولیس کی جانب سے اہم بیان سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کی معروف اداکارہ نمرہ خان نے اپنے اغوا کے بارے بتاتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کی تھی اور گلہ کیا تھا یہاں خواتین محفوظ نہیں ہیں جبکہ اور بھی تحفظات کا اظہار کیا تھا، اداکارہ کی ویڈیو کے بعد پولیس متحرک ہوئی اور واقعہ کی تحقیقات شروع کیں۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ اداکارہ مقدمہ درج نہیں کروانا چاہتی، ملزم کی گرفتاری کےلیے کوشش کر رہے ہیں،ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ( ڈی ایس پی) درخشاں میشا روپیتا کا کہنا تھا کہ ملزم کی شناخت کےلیے مزید سی سی ٹی وی حاصل کی جارہی ہیں۔
گزشتہ روز اداکارہ نمرہ خان کا ایک ویڈیو بیان سامنے آیا تھا جس میں ان کا کہنا تھا کہ انہیں اتوار کی رات کراچی کے مشہور ہوٹل کے باہر سے اغواء کرنے کی کوشش کی گئی جسے انہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ناکام بنایا۔
یاد رہے کہ نمرہ خان نے اپنی ویڈیو میں واقعے سے متعلق تفصیل بتاتے ہوئے کہا تھا کہ "میں کراچی کے علاقے ڈیفنس میں مشہور ہوٹل کے باہر اپنے اہل خانہ کا انتظار کر رہی تھی۔ میری گاڑی آنے والی تھی کہ 3 آدمی آئے اور مجھ پر بندوق رکھی اور اغواء کرنے کی کوشش کی۔"
نمرہ خان کا کہنا تھا کہ اس وقت بارش ہو رہی تھی جس کی وجہ سے میں ایک جانب ہو کر کھڑی ہوگئی تھی اور شاید اسی وجہ سے میں اپنے اغواء کی اس واردات کو ناکام بنانے میں بھی کامیاب ہوسکی۔