دہشتگردوں کا چوکی پر حملہ، پاک فوج کا لانس نائیک شہید
04:24 AM, 14 Dec, 2021
کوئٹہ: (ویب ڈیسک) بلوچستان کے عبدوئی سیکٹر میں پاک ایران سرحد پر دہشتگردوں نے سکیورٹی فورسز کی چوکی پر حملہ کر دیا۔ دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا جوان لانس نائیک ظہیر احمد شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشتگردوں نے پاک ایران سرحد پر عبدوئی سیکٹر میں قائم سکیورٹی فورسز کی ایک چوکی پر حملہ کیا تھا۔ دہشتگردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں شہید لانس نائیک ظہیر احمد کا تعلق نوشکئی سے ہے۔ بزدل دہشتگردوں نے سیکیورٹی چوکی پر وطن کی حفاظت پر مامور جوانوں پر فائرنگ کے بعد بھاگنے کی کوشش کی تو انھیں جوابی کارروائی میں شدید نقصان پہنچا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کا مقصد بلوچستان کی ترقی اور امن واستحکام کو متاثر کرنا ہے۔ پاک فوج دشمنوں کی بزدلانہ کارروائیوں کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہے۔ یہ بات ذہن میں رہے کہ صوبہ بلوچستان میں دہشتگردوں کی کارروائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ گذشتہ روز بلوچستان کے علاقے کوہلو کاہان میں بارودی سرنگ کا دھماکا ہوا تھا جس میں ایک شخص جاں بحق اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا تھا۔ دہشتگردوں نے بم پہاڑی علاقے میں نصب کر رکھا تھا جس کی زد میں موٹر سائیکل آنے پر زوردار دھماکا ہوگیا۔