جب تک فٹنس اور فارم ہے کھیلتا رہوں گا:کامران اکمل
07:17 AM, 14 Dec, 2021
لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی کرکٹر کامران اکمل نے پی ایس ایل سے دستبرداری کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ بورڈ زیادہ بہتر بتا سکتا ہے کہ کیٹیگری کیوں تبدیل کی گئی۔ تاہم جب تک میری فٹنس اور فارم ہے، کھیلتا رہوں گا۔ کامران اکمل نے ایک بیان میں کہا کہ عمر بڑھ گئی اور ساتواں سال ہے، ایسی وجوہات کو بنیاد بنا کر کیٹیگری میں تبدیلی کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔ ہم لوگ پاکستان کے لئے کھیلیں ہیں اور پرفارمنس دے کر ہی آئندہ بھی کھیلیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کیٹیگری پرفارمنس، سینیارٹی اور انٹرنیشنل کرکٹ کے تجربے سے بنتی ہے۔ ساتواں سیزن بھی پرفارمنس کے ساتھ ہی کھیلیں گے۔ قومی کرکٹر نے کہا کہ ٹم ڈیوڈ اس چیز کی مثال ہے، اس نے لاہور قلندرز سے اپنا ڈیبیو کیا لیکن لیکن وہ اب ملتان سلطانز کا حصہ بن گیا ہے۔ ملتان سلطانز نے ٹم ڈیوڈ کو پرفارمنس کی بنیاد پر پلاٹینیم میں پک کیا۔ انہوں نے کہا کہ سینئر کھلاڑیوں کی بڑی خدمات ہیں۔ ان کیساتھ ایسا برتاؤ رکھنا ٹھیک نہیں ہے۔ ایسے رویے سے میں کافی مایوس ہوا ہوں لیکن میں فرنچائزر کو قصوروار نہیں ٹھہرا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے لیے پیسے اتنے معنی نہیں رکھتے۔ میرا پشاور زلمی کے ساتھ ایک لگائو ہے۔ محمد اکرم نے بھی پشاور زلمی کو بہترین ٹیم بنانے کے لئے کافی محنت کی ہے۔ اگر پیسوں کی بات ہوتی تو دو تین سیزن پہلے چھوڑ کر چلا جاتا۔ کامران اکمل نے کہا کہ بات عزت نفس کی ہے۔ میں نہیں سمجھتا کہ میں سلور کیٹیگری میں کھیلنے کا اہل ہوں۔ میں فرنچائز کو کچھ نہیں کہنا چاہتا، انہوں نے اپنی ٹیم کا کمبینیشن ٹھیک کرنا ہوتا ہے۔ اگلے دو تین سال فٹنس اور جذبے کے ساتھ کرکٹ کھیلنا چاہتا ہوں۔ کسی کو مجھے کہنے کی ضرورت نہیں پڑیگی کہ کرکٹ چھوڑ دو۔