’آئی ایم ایف پروگرام کی واپسی تک ڈیفالٹ کا خطرہ رہے گا‘

09:02 AM, 14 Dec, 2022

احمد علی
کراچی: مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام کی واپسی تک ڈیفالٹ کا خطرہ ہی رہے گا۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اگر آئی ایم ایف پروگرام بحال نہ ہوا تو دیگر عالمی مالیاتی ادارے بھی پاکستان کو پھر قرض نہیں دیں گے کہ جس سے ملک ڈیفالٹ ہوجائے گا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کی طرف سابق وزیر اعظم عمران خان نے دھکیلا ہے اور آج بھی وہ ملک کو ڈیفالٹ ہی دیکھنا چاہتے ہیں۔ سابق وزیر خزانہ کی حیثیت سے کچھ فیصلوں پر مریم نواز کی مداخلت پر مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ میری بہن مریم نے چھوٹی موٹی چیزوں پر ٹویٹ کیے ہیں ، وہ یہ بات فون پر بھی تو کہہ سکتی تھیں ، حکومت کو تجویز دی کہ معاشی استحکام کیلئے امیروں پر ہر صورت ٹیکس لگایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے اچھے طریقے سے نہیں ہٹایا گیا ہے ، اسحاق ڈار نے میرے کیخلاف پروگرام کروائے۔ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ سعودی عرب یا دیگر ممالک سے ملنے والے چند ارب ڈالر آنے سے کچھ ہفتوں کی مہلت مل سکتی ہے، عمران خان نے ملک کو ڈیفالٹ کی طرف دھکیلا، عمران خان بابائے ڈیفالٹ ہیں۔
مزیدخبریں