ویب ڈیسک: اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے ڈی چوک احتجاج کے تناظر میں پی ٹی آئی کی وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر کے خلاف کرمنل کمپلینٹ کو 23 دسمبر کو ابتدائی بحث کے لیے مقرر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق بیرسٹرگوہر نے موجودہ حکومت کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی تھی، جس پر سیشن جج اعظم خان نے آئندہ سماعت پر شکایت کنندہ کو حاضر ہونے کا حکم دیا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر کے خلاف پرائیوٹ کمپلینٹ دائر کی ہے، جس میں وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطا تارڑ، وزیر دفاع خواجہ آصف، آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشنز، ایس ایس پی سیکیورٹی اور نامعلوم افراد کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔
بیرسٹر گوہر نے اپنی درخواست میں 12 شہید ہونے والے کارکنان کی لسٹ فراہم کی ہے، گولیوں سے زخمی ہونے والے 38 کارکنان کی لسٹ بھی درخواست کے ساتھ منسلک ہے، جبکہ 139 لاپتہ کارکنان کے بھی نام درخواست میں درج کیے گئے ہیں۔