ذاتی حملوں پر مشتمل مہم پر وزیراعظم کا سخت ردعمل

11:42 AM, 14 Feb, 2022

احمد علی
وزیراعظم عمران خان نے ذاتی حملوں پر مشتمل مہم کو گھٹیا اور نا قابل برداشت قرار دیا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوئے سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، اجلاس میں بلدیاتی انتخابات اور سیاسی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ عمران خان نے سی ای سی میٹنگ میں بتایا کہ اتحادی ہمارے ساتھ ہیں کہیں نہیں جا رہے، انہوں نے اپوزیشن کے بیانیے کا مقابلہ کارکردگی سے کرنے کی ہدایت دی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈیمز، ہیلتھ کارڈ، احساس اور کامیاب جوان پروگرام کی کامیابیوں پر بات کریں، فلاحی منصوبوں سے متعلق حکومتی اقدامات کو عوامی سطح پر اجاگر کریں۔ وزیراعظم عمران خان نے ذاتی حملوں پر مشتمل مخصوص مہم پر اظہار ناراضی کیا اور کہا کہ ایسی مہم گھٹیا اور نا قابل برداشت ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ مادرپدر آزادی خطرناک ہے، ایسے رجحان کی حوصلہ شکنی کرنا ہو گی۔
مزیدخبریں