ویب ڈیسک: لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب اور پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما چوہدری پرویز الہیٰ کی ایک مقدمے میں ضمانت منظور کر لی ہے۔
تفصیلا ت کے مطابق عدالتِ عالیہ نے محمد خان بھٹی کو پرنسپل سیکریٹری تعینات کرنے کے مقدمے میں پرویز الہی کی ایک لاکھ روپے مچلکے کے عوض ضمانت منظور کی۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ اس مقدمے میں چیف سیکریٹری کو فریق ہی نہیں بنایا گیا اور یہ کیس خالصتاً سیاسی بنیادوں پر قائم کیا گیا ہے۔
پرویز الہیٰ کی جانب سے ایڈووکیٹ عامر سعید راں اور فرمان منیس پیش ہوئے اور اپنے دلائل میں کہا کہ پرویز الٰہی کے وزیر اعلیٰ بننے سے پہلے پرنسپل سیکریٹری کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد پرویز الہیٰ کی ضمانت منظور کر لی جو اس وقت جیل میں ہیں۔