ویب ڈیسک: وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرین یاں پیئر کا کہنا ہے کہ صدربائیڈن پاکستان میں انتخابات سےبالکل باخبر ہیں ، پاکستانی عوام کی مرضی کا احترام اورشفاف انتخابی عمل کویقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرین یاں پیئر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ صدر بائیڈن پاکستان میں انتخابات سے بالکل باخبر ہیں کہ گزشتہ ہفتے لاکھوں پاکستانی ووٹ ڈالنے نکلے، جن میں پاکستانی خواتین، مذہبی اور نسلی اقلیتی گروپوں کے ارکان اور نوجوان ووٹرز کی ریکارڈ تعداد شامل تھی۔
کیرین یاں پیئر کا کہنا تھا کہ ہمیں ہم خیال جمہوری نظام کے ساتھ کھڑے ہونے پر فخر ہے، ہم مسلسل پاکستانی حکومت اور سیاسی جماعتوں کو واضح طور پر بتاتے رہتے ہیں کہ پاکستانی عوام کی مرضی کا احترام کرنے اور شفاف انتخابی عمل کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔
گذشتہ روز ترجمان امریکی محکمہ خارجی میتھیوملر نے کہا تھا کہ پاکستانی عوام کی منتخب حکومت کےساتھ کام کریں گے اور دھاندلی کے دعوؤں پر مکمل تحقیقات چاہتے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ یورپی یونین، برطانیہ اور دیگرملکوں نے بھی پاکستانی حکومت سے خدشات کا اظہارکیا ہے، پاکستانی حکومت سےکہاہےوہ انتخابات کے نتائج کا احترام کرے۔