ویب ڈیسک: بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فریننڈس نے دھمکیاں ملنے کے بعد جیل میں قید اپنے دوست سکیش چندرشیکھر پرمقدمہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شکایت میں اداکارہ نے الزام عائد کیا ہے کہ سُکیش چندر شیکھر اُنہیں جیل سے ہراساں کر رہے ہیں اور دھمکیاں دے رہے ہیں۔
جیکلین فرنینڈز نے یہ شکایت نئی دہلی کے سپیشل کمشنر آف پولیس (کرائم برانچ) سنجے اروڑا کے پاس درج کرائی ہے جنہوں نے ایک خصوصی یونٹ کو ابتدائی تفتیش کی ذمہ داری سونپ دی ہے۔
خط میں جیکلین فرنینڈز نے کیا لکھا ہے؟
چند روز قبل اداکارہ کی جانب سے پولیس کے سربراہ کو خط لکھا گیا تھا جس کا عنوان تھا ’استغاثہ کے گواہ کے تحفظ میں نظام کی ناکامی۔‘
خط میں جیکلین فرنینڈز نے لکھا کہ ’میں ایک ذمہ دار شہری ہوں، اور نادانستہ طور پر ایک ایسے کیس میں اُلجھ گئی ہوں جس کے بہت دُور رس اثرات ہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’اپنی شناخت سُکیش چندرشیکھر کے طور پر کرانے والا شخص ایک ملزم ہے، جو دہلی کی منڈولی جیل میں قید ہے، اور کُھلے عام مجھے ڈرا دھمکا رہا ہے۔‘
پولیس سے فوری مداخلت کی اپیل
جیکلین فرنینڈز نے پولیس کمشنر سے معاملے میں فوری طور پر مداخلت کی اپیل کی ہے۔ اپنے خط میں انہوں نے لکھا کہ ’نہ صرف مجھے بلکہ قانونی عمل کو بھی ملزم سے خطرہ ہے۔‘