راولپنڈی: خیبرپختون خوا کے علاقے جانی خیل میں دہشت گردوں کے چیک پوسٹ پر حملے میں پاک فوج کا سپاہی شہید ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خیبرپختون خوا کے ضلع بنوں کے علاقے جانی خیل میں دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کی جس پر اہلکاروں نے بھرپور جواب دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے شدید تبادلے میں 26 سالہ سپاہی سرفراز علی نے جام شہادت نوش کیا، جس کا تعلق پنجاب کے ضلع وہاڑی سے ہے۔ واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔
دوسری جانب شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کی، جس میں 1 دہشت گرد ہلاک جبکہ 2 کو گرفتار کر لیا گیا، دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا جبکہ دہشت گردوں کے بچے کھچے ساتھیوں کی گرفتاری کے لئے ایریا کلئیرنس آپریشن جاری ہے.