کسی مسٹر ایکس ،وائی یا زیڈ کو نہیں جانتے ،ترجمان الیکشن کمیشن
12:34 PM, 14 Jul, 2022
اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے الزامات کا نوٹس لے لیا۔ چیف الیکشن کمشنرکی زیرصدارت الیکشن کمیشن میں اجلاس ہوا جس میں عمران خان کے ادارے پر حالیہ الزامات کا جائزہ لیا گیا اور الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم کے الزامات کا نوٹس لیا۔ الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیمرا کو خط لکھا ہے جس میں عمران خان کی تقاریر کا ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن نے عمران خان کی بھکر اور لیہ میں تقریر کا ریکارڈ طلب کیا ہے جب کہ 8 جولائی کو خوشاب میں کی جانے والی تقریر کا ریکارڈ بھی مانگا گیا ہے۔ کسی مسٹر ایکس وائی کو نہیں جانتے: ترجمان الیکشن کمیشن دوسری جانب ترجمان الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کی جانب سے سوشل میڈیا پر لگائے جانے والے الزامات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہےکہ چیف الیکشن کمشنر کو حمزہ اور مریم سے چھپ کر ملنے کی ضرورت نہیں، سیاستدان خود ملنے آتے ہیں، الزام لگانا آسان ہے، ثبوت ہیں تو سامنے لائیں۔ ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن اشتعال اور دباؤ میں آئے بغیر اپنا آئینی کردار ادا کرتا رہےگا، پنجاب کے ضمنی انتخابات میں شفاف الیکشن کو یقینی بنائیں گے، ہم کسی مسٹر ایکس وائی زیڈ کو نہیں جانتے، ہمارا کام شفاف غیرجانبدارانہ الیکشن کرانا ہے۔ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے کہا ہے کہ ہمیں دیوار سے نہ لگایا جائے، آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ امریکی سازش کے کسی منصوبہ ساز کو ووٹ پر ڈاکے کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر، مسٹرایکس اور وائی کو مریم نواز اور حمزہ شہباز کے ساتھ مل کر دھاندلی کی کوشش ترک کرنے کا کہہ چکے ہیں۔