وزیراعظم کا حالیہ سیلاب متاثرین کیلئے معاوضے کا اعلان

02:43 PM, 14 Jul, 2022

احمد علی
وزیراعظم شہبازشریف نے اعلان کیا ہے کہ وفاقی حکومت قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی اور صوبائی اداروں کے مشترکہ جائزے کے بعد سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو فی کس دس لاکھ روپے فراہم کرے گی۔ وہ آج (جمعرات)اسلام آباد میں خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں سیلاب کے بارے میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کے قائم مقام چیئرمین سے کہا کہ فوری طور پر کوئٹہ پہنچیں اور سیلاب متاثرہ کی امداد اور بحالی کیلئے بلوچستان کی حکومت کے ساتھ کام کریں۔انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ تمام ڈیم محفوظ ہیں اور صورتحال کی دن رات نگرانی کی جا رہی ہے۔ شہبازشریف نے کہا کہ وہ نقصانات کا جائزہ لینے اور متاثرین سیلاب سے اظہار یکجہتی کیلئے جلد بلوچستان کا دورہ کریںگے۔انہوں نے مزید ہدایت کی کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے تمام محکموں کو آئندہ دنوں میں مون سون کی مزید بارشوں کے تناظر میں انتہائی چوکس رہنا چاہئے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی حکومتوں نے اب تک بہترین کارکردگی دکھائی ہے لیکن مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔ وفاقی حکومت انہیں تمام ممکنہ تعاون فراہم کریگی۔
مزیدخبریں