یورپی پارلیمنٹ نے بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مذمتی قرارداد منظور کرلی
12:28 PM, 14 Jul, 2023
بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی کے فرانس دورے سے پہلے یورپی پارلیمنٹ نے بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مذمتی قرارداد منظور کرلی ہے۔ یورپی پارلیمنٹ کی جانب سے بھارت سے نسلی اور مذہبی تشدد فوراً روکنے اور مذہبی اقلیتوں کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ یورپی پارلیمنٹ نے یورپی یونین اور بھارت کے درمیان تجارت سمیت شراکت داری کے تمام شعبوں سے انسانی حقوق کو منسلک کرنے کے مطالبے کا بھی اعادہ کیا ہے۔ یورپی قرارداد کے مطابق بھارت میں عدم برداشت نے ریاست منی پور کے نسلی فسادات میں اہم کردار ادا کیا ہے، بھارت میں ہندو اکثریت پسندی کو بڑھاوا دینے والی تفرقہ انگیز پالیسیوں پر تشویش ہے۔ قرارداد میں یورپی یونین کے رکن ممالک سے بھارت میں آزادی اظہار اور مذہبی آزادی کیلئے اعلیٰ سطح پر آواز اٹھاتے رہنے کا بھی کہا گیا ہے۔ ریاست منی پور میں جاری نسلی و مذہبی فسادات میں اب تک 142 سے زیادہ ہلاک اور 54 ہزار سے زیادہ افراد بے گھر ہو گئے ہیں۔