ڈونلڈ ٹرمپ پر ریلی کےدوران فائرنگ،سابق صدر زخمی

09:02 AM, 14 Jul, 2024

ویب ڈیسک: سابق امریکی صدر اور ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی ریلی میں فائرنگ سے زخمی ہوگئے جبکہ ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے۔

 تفصیلا ت کے مطابق غیرملکی میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کا واقعہ امریکا کی ریاست پنسلوانیا میں پیش آیا جہاں وہ انتخابی ریلی کے شرکاء سے خطاب کیلئے سٹیج پر موجود تھے کہ اس دوران نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے جبکہ حملہ آور کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق ری پبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے کان پر خون کے نشانات دیکھے گئے ہیں، فائرنگ کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے سابق صدر کو حصار میں لے لیا اور وہاں سے لے کر روانہ ہو گئے، گولیاں لگنے سے ریلی میں موجود ایک شخص ہلاک ہو گیا، واقعے کے بعد وہاں موجود لوگوں میں خوف و حراس پھیل گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ پر حملہ،ایف بی آئی نے بڑابیان دیدیا

واقعے کے حوالے سے امریکی سیکرٹ سروس کا کہنا ہے کہ ریلی میں فائرنگ کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ محفوظ ہیں، سابق صدر کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا، ریلی میں پیش آئے واقعے کی تحقیقات شروع کر دیں، فائرنگ کرنے والے کا ابھی تک کچھ علم نہیں ہو سکا جیسے ہی معلومات حاصل ہوں گی عوام کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

فائرنگ سے زخمی ہونے والے ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں بالکل خیریت سے ہوں، میں کسی سے ڈرنے والا نہیں ہوں اور سب کا ڈٹ کر مقابلہ کروں گا۔

سابق امریکی صدر ٹرمپ پر فائرنگ کے واقعے سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی میں فائرنگ کے واقعے پر بریفنگ نہیں دی گئی۔

واضح رہے کہ دو روز قبل پریس کانفرنس میں صدر جوبائیڈن نے صدارتی الیکشن کی دوڑ سے دستبردار ہونے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ صدارتی الیکشن لڑنے کا سب سے زیادہ اہل ہوں، ٹرمپ کو پہلے بھی ہرایا تھا اب بھی ہراؤں گا، ٹرمپ کا جیتنا دنیا کیلئے تباہی ہو گا۔

جوبائیڈن کا کہنا تھا کہ یورپ ٹرمپ کے بیانات سے پریشان ہے، خارجہ پالیسی کبھی ٹرمپ کا مضبوط نقطہ نہیں رہا، ٹرمپ آمرانہ لوگوں سے وابستگی رکھتے ہیں، صدارتی الیکشن کی دوڑ میں اپنی میراث کیلئے نہیں ہوں، یوکرین کی کامیابی یقینی بنانے کیلئے میرا جیتنا ضروری ہے۔

مزیدخبریں