علی محمد خان کا پی ٹی آئی سیکریٹریٹ میں بیانِ حلفی جمع

12:38 PM, 14 Jul, 2024

ویب ڈیسک: پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما علی محمد خان نے پی ٹی آئی سیکریٹریٹ میں بیانِ حلفی جمع کرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق بیان حلفی میں علی محمد خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدوار کی حیثیت سے حلقہ این اے 23 سے الیکشن لڑا۔

انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے سپورٹ کیا اور پارٹی ووٹرز کے ووٹ حاصل کیے، پی ٹی آئی کی وجہ سے میں الیکشن جیتا۔

دوسری جانب پی ٹی آئی کے 90 فیصد ممبران قومی اسمبلی کی جانب سے بیان حلفی پارٹی سیکریٹریٹ میں جمع کرائے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق دیگر ممبران کی جانب سے بھی بیان حلفی جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ پارٹی کی جانب سے آج جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

واضح رہے کہ 2 روز قبل سپریم کورٹ آف پاکستان نے سنی اتحاد کونسل کی مخصوص نشستوں سے متعلق درخواست پر محفوظ فیصلہ سنایا تھا۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا تھا کہ یہ فیصلہ 8 کی اکثریت کا ہے، جو جسٹس منصور علی شاہ نے لکھا ہے۔

جسٹس منصور علی شاہ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ پشاور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا گیا ہے، الیکشن کمیشن کا فیصلہ آئین کے خلاف ہے، انتخابی نشان کا نہ ملنا کسی سیاسی جماعت کو انتخابات سے نہیں روکتا، پاکستان تحریکِ انصاف ایک سیاسی جماعت تھی اور ہے، پی ٹی آئی مخصوص نشستوں کے حصول کی حق دار ہے، تحریکِ انصاف اس فیصلے کے 15 روز میں اپنے مخصوص افراد کی نشستوں کے نام کی فہرست دے۔

مزیدخبریں