عمران خان نے اپنی غلطیاں تسلیم کرلیں:حامد خان

03:41 AM, 14 Jun, 2022

احمد علی
پاکستان تحریک انصاف کے سابق رہنما حامد خان نے پارٹی چیئرمین کیساتھ اپنی ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے اپنی غلطیاں تسلیم کر لی ہیں۔ حامد خان نے یہ دعویٰ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی کی جانب سے پیغام دیا گیا تھا کہ عمران خان آپ کیساتھ ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نے شاہ محمود قریشی کی درخواست پر عمران خان سے ملاقات کی۔ اس ملاقات کا احوال بیان کرتے ہوئے حامد خان نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی چیئرمین نے تسلیم کیا کہ ان سے بہت غلطیاں سرزد ہوئیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے مجھ سے کہا کہ مجھے اقتدار میں رہتے ہوئے یہ تجربہ ہو چکا ہے کہ سیاست میں اسٹیبلشمنٹ کا کردار اور مداخلت غلط ہے۔ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ اس سے ملک میں عدم استحکام آتا ہے۔ پی ٹی آئی کے سابق رہنما حامد خان کا کہنا تھا عمران خان نے اس کے علاوہ یہ بھی تسلیم کیا کہ سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیخلاف جو ریفرنس دائر کیا گیا تھا وہ غلط تھا۔ ہمیں ایسا ہرگز نہیں کرنا چاہیے تھا۔ اس معاملے پر مجھے مس گائیڈ کیا گیا تھا۔ حامد خان نے بتایا کہ عمران خان نے اس کے علاوہ عبدالعلیم خان اور جہانگیر ترین کے معاملے پر بھی بات کی اور کہا کہ ان دونوں کے بارے میں آپ نے جو کچھ بھی کہا وہ بالکل درست تھا۔
مزیدخبریں