مائیکرو سافٹ کا 'انٹرنیٹ ایکسپلورر' کو بند کرنے کا فیصلہ
12:02 PM, 14 Jun, 2022
لاہور (ویب ڈیسک) 15 جون سے ' انٹرنیٹ ایکسپلورر' مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔ دنیا کی معروف کمپیوٹر ٹیکنالوجی کمپنی مائیکرو سافٹ نے دنیا کے پرانے اور مقبول ترین براؤز ' انٹرنیٹ ایکسپلورر' کو باضابطہ طور پر بند کردیا۔ 15 جون کے بعد دستیاب نہیں ہو گا۔ مائیکرو سافٹ نے 27 سال پہلے 1995 میں ' انٹرنیٹ ایکسپلورر' براؤزر کو متعارف کروایا تھا اور اس وقت وہی اکیلا براؤزر تھا۔ ' انٹرنیٹ ایکسپلورر' کئی سالوں تک انٹرنیٹ کی پہچان بنا رہا تاہم 2004 میں موزیلا فاؤنڈیشن نے اس کے ٹکر میں فائر فوکس کو باضابطہ طور پر متعارف کروایا۔ اگرچہ فائر فوکس براؤزر 2002 میں ہی بن چکا تھا تاہم اسے عام صارفین کے لیے 2004 میں متعارف کروایا گیا تھا ۔ فائر فوکس کے بعد گوگل نے 2008 میں گوگل کروم براؤزر کو متعارف کراکر سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔ گوگل کروم اور فائر فوکس کے بعد انٹرنیٹ ایکسپلورر کو لوگ تقریبا بھول ہی گئے تھے لیکن مائیکرو سافٹ نے نئے براؤزر ایج کو گوگل کروم جیسا بنا کر اس حوالے سے اپنی بادشاہی واپس لینے کی کوشش کی لیکن ناکام رہے۔ ' انٹرنیٹ ایکسپلورر' تمام ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز میں ڈیفالٹ براؤزر کے طور پر کام کرتا تھا، لیکن کمپنی نے 2020 میں اسے ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔مگر اب کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ ' انٹرنیٹ ایکسپلورر' ونڈوز 10 اور ونڈوز الیون کے صارفین کے لیے بھی دستیاب نہیں ہوگا اور 15 جون کے بعد براؤزر کسی بھی ڈیسک ٹاپ پر موجود نہیں ہوگا۔ مائیکرو سافٹ نے 4 سال قبل 2016 میں ہی صارفین کو ' انٹرنیٹ ایکسپلورر' کو بند کرنے کا عندیہ دیا تھا کمپنی کی جانب سے 2016 سے ہی ' انٹرنیٹ ایکسپلورر' کے پرانے ورژن کی سپورٹ ختم کردی گئی تھی تاہم ویب براؤز کے نئے 2013 میں متعارف کرائے گئے گیارہویں ورژن کو سپورٹ فراہم کی جا رہی تھی۔