’جعلی کاغذ لہرا کر کہا گیا سائفر آیا، حقائق نے پروپیگنڈا زمین بوس کردیا‘
11:45 AM, 14 Jun, 2023
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ جعلی کاغذ لہرا کر کہا جاتا رہا کہ سائفر آیا ہے۔ راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے پاکستان کے وقار کو خاک میں ملانے کی کوشش کی، لوگوں کی جھوٹی ذہن سازی کی جا رہی تھی اورقوم کو یہ کہا گیا تھا کہ میری حکومت امریکا سے ہٹوائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس سے ایک لاکھ ٹن خام تیل آیا ہے، روسی تیل کا پہلا جہاز کراچی آچکا ہے، انہوں نے روس سے 1 دمڑی کی چیز بھی نہیں منگوائی تھی، لوگ پوچھتے ہیں کہ روسی تیل کی کیا خصوصیت ہے؟ ، روس کے تیل کی قیمت عالمی تیل کی قیمت سے کم ہے، روس کا تیل عالمی منڈی سے کم از کم 15 ڈالر فی بیرل سستا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کو اس وقت زرمبادلہ کی ضرورت ہے ، اسحاق ڈار کو عوام بجٹ دینے پر ان کی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، جب تک کسی بھی ملک میں سیاسی استحکام نہیں ہوتا ہے تو معاشی استحکام نہیں آسکتا ہے ، جب بھی کسی ملک میں دن رات جھوٹا پروپیگنڈا ہوگا تو کون وہاں سرمایہ کاری کرے گا؟، گذشتہ حکومت نے پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق کردیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جو آئی ایم ایف سے معاہدہ کرکے توڑا گیا ہمیں اس کا بہت زیادہ نقصان ہوا ہے، پوری کوشش کر رہے ہیں کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ ہو جائے، آئی ایم ایف کی تمام شرائط پوری کرلی گئی ہیں ، ہم آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر میرے خلاف بھی کوئی کرپشن کا ثبوت ہے تو لے کر آئیں، جھوٹے الزامات لگانا مناسب نہیں ہیں ، چیئرمین پی ٹی آئی نے پوری اپوزیشن کو دیوار سے لگا دیا تھا، پونے چار سال ان کو کسی کے خلاف کرپشن کا ثبوت نہ ملا ، اگر کرپشن کے ثبوت نہیں ہیں تو منہ بند ہی رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ٹیم کا کپتان ایک ہی ہوتا ہے، جب تک دس کھلاڑی کپتان کے ساتھ محنت نہ کریں تو ٹیم کامیاب نہیں ہوسکتی ہے، کسی بھی ٹیم کی کامیابی ٹیم ورک ہے، گذشتہ حکومت نے ترکیہ سے تعلقات خراب کیے ہیں ، ہمیں اربوں ڈالرز کی گندم امپورٹ کرنی پڑی ہے، گذشتہ حکومت میں گندم کی مقدار میں کمی ہوگئی تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان بچوں کو قرضے دینے کے لئے اربوں روپے رکھے گئے ہیں ، دیہاتوں میں زرعی قرضے فراہم کیے جائیں گے، نوجوان نسل ہی پاکستان کی کامیابی کی ضمانت ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کہتے تھے کہ یہ لیپ ٹاپس نہیں رشوت ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے گذشتہ دور میں نوجوانوں کو گمراہ کیا ، نوجوانوں کو ایک لاکھ لیپ ٹاپس دینے کا پروگرام دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔