پبلک نیوز:(سلیمان چودھری) عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کیخلاف 6 مقدمات کے ٹرائل کی کارروائی 26 جون تک ملتوی کردی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کا آفس جلانے,کلمہ چوک میں کینٹینر اور گلبرگ میں کینٹینر جلانے اور شیر پاؤ پل پر تقاریر و جلاؤ گھیراؤ سمیت 6 مقدمات کا ٹرائل کی سماعت
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے سماعت کی۔
برضمانت ملزمان نے پیش ہو کر عدالت میں حاضری مکمل کرائی، زیر حراست پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر یاسمین راشد ٫ میاں محمود الرشید٫ اعجاز چوہدری اور عمر سرفراز چیمہ سمیت دیگر کو جیل سے پیش کیا گیا۔
عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آئندہ سماعت پر ملزمان کو چالان کی کاپیاں تقسیم کی جائیں۔
مقدمہ میں سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ ٫ ڈاکٹر یاسمین راشد ٫ میاں محمود الرشید ٫ اعجاز چوہدری اور صنم جاوید سمیت دیگر نامزد ہیں۔مقدمات میں ملزمان پر بغاوت اور عوام کو فسادات پر اکسانے کا الزام ہے،ملزمان کیخلاف ماڈل ٹاؤن میں مسلم لیگ نون کا آفس کے جلانے کے دو مقدمات ہیں۔گلبرگ میں کینٹینر جلانے اور پولیس کی گاڑیاں جلانے کے دو مقدمات ہیں۔
کلمہ چوک پر کینٹینر جلانے کا مقدمہ نمبر 1078/23 تھانہ نصیر آباد میں درج ہے،تھانہ سرور روڑ میں شیر پاؤ پل پر تقاریر و جلاؤ گھیراؤ کا مقدمہ نمبر 97/24 درج ہے،تھانہ ماڈل ٹاؤن میں ملزمان کیخلاف مقدمہ نمبر 366/23 اور مقدمہ نمبر 367/23 درج ہیں۔
بعد ازاں عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کیخلاف 6 مقدمات کے ٹرائل کی کارروائی 26 جون تک ملتوی کردی۔