ہتک عزت قانون: ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کیلئے نوٹس جاری

03:22 PM, 14 Jun, 2024

سلیمان اعوان

پبلک نیوز:(سلیمان اعوان)لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب حکومت کے ہتک عزت قانون کے خلاف درخواستوں پر ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کے لیے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں پنجاب میں ہتک عزت کے قانون کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی، جسٹس امجد رفیق نے سیکرٹری پی ایف یو جے اور ایمنڈ سمیت دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ اس قانون کو لانے کا مقصد پروفیشنل صحافیوں کو کام سے روکنا ہے۔

جسٹس امجد رفیق نے استفسار کیا کہ آپ کو نہیں لگتا کہ اس طرح کا قانون ہونا چاہیئے، جس پر وکیل اظہر صدیق نے کہا کہ قانون پہلے سے موجود ہے اس قانون کی ضرورت نہیں تھی، یہ قانون آزاد عدلیہ کو بھی متاثر کررہا ہے۔

جسٹس امجد رفیق نے ریمارکس دیئے کہ مطلب اس قانون کو بہتر کیا جاسکتا ہے، کیا آپ نہیں سمجھتے یہ قانون ہونا چاہیئے، صبح صبح اٹھو تو عجیب عجیب وی لاگر وی لاگ کررہے ہوتے ہیں۔

وکیل ابوذر سلمان نیازی نے کہا کہ اس قانون کا مقصد فیک نیوز ختم کرنا نہیں بلکہ بنیادی حقوق ختم کرنا ہے۔

جسٹس امجد رفیق نے ریمارکس دیئے کہ ان درخواستوں میں بہت اہم نکات اٹھائیں گے ہیں۔

صدر پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ ہم سے کہا گیا کہ مشاورت کے بعد قانون سازی کریں گے، پروفیشنل صحافی ذمہ داری کے ساتھ خبر دیتا ہے۔

عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 4 جولائی تک ملتوی کردی۔

مزیدخبریں