(ویب ڈیسک)چیئرمین ایف بی آر امجد زبیرٹوانہ نے کریڈٹ کارڈ کے ذریعے پیمنٹ پر لنک ڈاؤن کی شکایت پر کہا کوئی کارڈ قبول نہیں کرتا تو کاروبار سیل کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس ہوا ، جس میں فنانس بل 2024 سے متعلق بجٹ تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین ایف بی آر امجد زبیرٹوانہ نے سینیٹ قائمہ کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پی او ایس انوائس سسٹم پر عملدرآمد نہ کرنے والے ری ٹیلرز کےخلاف کارروائی ہوگی، ایک دن میں 3 اور ہفتے میں 5غیرقانونی انوائسز کی شکایت پر کاروبار سیل ہوگا، 5 لاکھ جرمانے وصول کرکے 7 دن بعد کاروبار یا دکان کھولنے کی اجازت ہوگی۔
ارکان نے شکایت کی ریسٹورنٹس سمیت بہت سے ری ٹیلرز کریڈٹ اورڈیبٹ کارڈ وصول نہیں کرتے، سلیم مانڈوی والا نے کہا دکاندار یا ریسٹورنٹس والے مشین کا لنک ڈاؤن ہونے کا بہانہ کر دیتے ہیں۔
سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ کتابوں کی خریداری پر کریڈٹ کارڈکے ذریعے پیمنٹ نہیں لی جاتی، برطانیہ میں صرف ایک سینڈویچ خریدنے پر بھی کارڈ سے پیمنٹ لی جاتی ہے، 30 ہزار روپے کے بل پر ری ٹیلرز کی مشین بیٹھ جاتی ہے۔
چیئرمین ایف بی آر نے کریڈٹ کارڈ سے ادائیگی یقینی بنانے کے اقدامات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کوئی کریڈٹ یاڈیبٹ کارڈ قبول نہیں کرتا تو کاروبار سیل کیا جائے گا، صارفین کی یومیہ 3 یا ہفتے میں 5 شکایات کی بنیاد پر کارروائی ہوگی۔