'منحرف رکن کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جاسکتا'
08:32 AM, 14 Mar, 2022
اسلام آباد: اسمبلی سیکرٹریٹ نے اسپیکر کو ایک سوال کے جواب میں کہا ہے کہ کسی بھی رکن کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جاسکتا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی نے اسمبلی سیکرٹریٹ سے رابطہ کیا ہے،اسپیکر اسد قیصرنے ارکان کی ووٹنگ کے حوالے سے سوالات کردیئے ۔ اسپیکر اسد قیصر نے سوال کیا کہ منحرف ارکان کو ووٹ ڈالنے سے روک سکتا ہوں؟ جس پر متعلقہ حکام نے جواب دیا کہ کسی بھی رکن کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روکا جاسکتا۔ کوئی بھی رکن پارٹی پالیسی کے خلاف جاتا ہے تو کارروائی اس کے عمل کے بعد ہوگی۔ آئین کا آرٹیکل 63 ون اے بالکل واضح ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سوال پوچھا کہ وزیراعظم یا پارٹی چیف وہپ مشکوک اراکین کے نام بھجوائے تو پھر کیا ایکشن ہوسکتا ہے،جس پر جواب دیا گیا کہ اسپیکر پارٹی چیئرمین کے باضابط ڈیکلریشن ملنے کے بعد کردار ادا کرسکتا ہے ۔ اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے سوال کیا کہ کیا منحرف اراکین سے متعلق ووٹنگ سے پہلے رولنگ دی جا سکتی ہے، اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جواب دیا گیا کہ اسپیکرکو رولنگ دینے کا اختیار ہے تاہم معاملہ پرآئین و قانون واضح ہے۔