وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کی تحریک کو قانون کے ذریعے پاش پاش کر کے باہر پھینکیں گے، پچھلے اکہتر سال میں اوورسیز کیلئے کوئی بھی اقدام نہیں کیا گیا مگر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی اوورسیز کو ووٹ کا حق دلوایا، آئندہ پانچ سال بھی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اقتدار میں آئے گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو کنونشن سینٹر میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے بیرونی ممالک میں اوورسیز کیلئے کام کرنے والی تمام تنظیموں کو خراج تحسین پیش کیا۔
وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ میں اس بات کی یقین دہانی کراتا ہوں کہ اوورسیز کیلئے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہر سال ایسی تقریبات کاانعقاد کیا جائے گا۔ پانچ سال پورے کرنے کے بعد آئندہ بھی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اقتدار میں آئے گی۔
پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اقتدار میں آئی تو قومی خزانے خالی تھے جس کے بعد کورونا وائرس کی وجہ سے پوری دنیا کی طرح پاکستان کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ سابقہ حکمران سارا پیسہ لوٹ کر بیرون ممالک چلے گئے اور غریب عوام کیلئے کوئی بھی کام یا منصوبہ ایسا نہیں شروع کیا جہاں انہیں ریلیف مل سکے۔
ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ پچھلے اکہتر سال میں اوورسیز کیلئے کوئی بھی اقدام نہیں کیا گیا تھا مگر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی اوورسیز کو ووٹ کا حق دلوایا اور آپ کے نمائندے ہی ایوانوں میں نظر آئیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اوورسیز کا حق بنتا ہے کہ اب وہ حکومت کی معاونت کریں اور امید ہے کہ ایک کروڑ اوورسیز آئندہ انتخابات میں بھی وزیراعظم عمران خان کو ایک بار پھر منتخب کریں گے۔
ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ اپوزیشن کی جانب سے عدم اعتماد کی تحریک کو قانون کے ذریعے پاش پاش کر کے باہر پھینکیں گے۔