شین وارن مزید کتنے سال زندہ رہنا چاہتے تھے؟
11:15 AM, 14 Mar, 2022
عظیم لیگ اسپنر شین وارن کے متعلق نئے نئے انکشافات سامنے آ رہے ہیں . ایک بیان میں لیجنڈری اسپنر کی کاؤنسلر لیان یانگ نے کہا ہے کہ شین وارن کا خیال تھا ان کے پاس جینے کے لیے مزید 30 سال ہیں۔ خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق شین وارن کی کاؤنسلر نے کہا شین وارن مرنے سے قبل بہت خوش تھے۔ کاؤنسلر نے شین وارن کے ساتھ ہوئی گفتگو سے پردہ اٹھاتے ہوئے بتایا کہ میں نے شین سے ان کی خواہش پوچھی کہ وہ اب کیا چاہتے ہیں؟ تو انہوں نے کہا کہ میں3 کام کرنا چاہتا ہوں، بچوں کے ساتھ وقت گزارنا، کسی کے ساتھ شادی کرنا اور کرکٹ کھیلنا۔ لیان یانگ کے مطابق انہوں نے 2015 میں 52سالہ شین وارن کو شادی کرنے کا مشورہ دیا تھااور آسٹریلوی کھلاڑی شادی کیلئے تیار بھی ہوگئے تھے۔انہوں نے کہا کہ شین وارن کی موت ایک خوفناک صدمہ تھی کیوں کہ وہ شادی کے لیے کسی لڑکی کی تلاش میں تھے۔ کاؤنسلر لیان یانگ کے مطابق سب کچھ ٹھیک جارہا تھا اور شین نے 3 ماہ کی چھٹی لے رکھی تھی جس دوران وہ اپنے بچوں کے ساتھ وقت گزارنے کے منتظر تھے جن سے انہیں محبت تھی،شین کو صحت کے حوالے سے کسی مسائل کا سامنا نہیں تھا وہ سوچ رہے تھے کہ ان کے پاس جینے کے لیے 30 سال مزید باقی ہیں۔