پاکستان کے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی،آرمی چیف
08:33 PM, 14 Mar, 2023
راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، انشاءاللہ، پاکستان کا مکمل امن بحال ہو گا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے جنوبی وزیرستان میں اگلی چوکیوں کا دورہ کیا، آرمی چیف نے پاک افغان سرحد پر متعین دستوں سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے وانا میں یادگار شہدا پر حاضری دی اور فارمیشن ہیڈکوارٹرز کا بھی دورہ کیا۔ آرمی چیف کو فارمیشن ہیڈکوارٹرز میں آپریشنل، تربیتی اور سیکورٹی امور پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف کو نوضم شدہ اضلاع میں سماجی و معاشی ترقی کے منصوبوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ آرمی چیف نے انسداد دہشتگردی کے لئے فارمیشن کی کاوشوں کو سراہا، آرمی چیف نے دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کے لئے پاک فوج کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کے شہدا کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، انشاءاللہ، پاکستان کا مکمل امن بحال ہو گا۔