سکول ایجوکیشن کی تشکیل نو کا فیصلہ، مریم نواز نے منظوری دیدی

02:38 PM, 14 Mar, 2024

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت سکول ایجوکیشن سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔ جس میں سکول ایجوکیشن میں اصلاحات کے لئے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سکول ایجوکیشن کونسل کی تشکیل نو کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ جس کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے منظوری دے دی۔ پنجاب کریکولم ونگ کی ری سٹرکچرنگ کی منظوری بھی دے دی گئی۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سرکاری سکولوں میں صبح کی اسمبلی بحال کرنے کی ہدایت کردی۔ اس کے علاوہ طلباء کی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لئے ڈبہ بند دودھ دینے کا حکم بھی دیا۔ 

بتایا گیا ہے کہ اس حوالے سے پائلٹ پراجیکٹ ضلع راجن پور کے سکولوں میں شروع ہوگا جہاں اینگرو فوڈز کے تعاون سے فلیورڈ مِلک دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے نجی اشتراک سے طلباء کے لئے دودھ کی فراہمی  کا پراجیکٹ صوبے بھر میں شرو ع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔ 

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے پنجاب ٹیکسٹ بک اینڈ کریکولم بورڈ کے امور پر اظہار تشویش کیا ہے۔ طلباء کو نصابی کتابوں کی فراہمی میں تاخیر پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ پنجاب بھر کے سکولوں کو بتدریج سولر انرجی پر منتقل کرنے کے لیے جامع پلان طلب کر لیا گیا ہے۔ سرکاری سکولوں میں آفٹر نون کلاسز اور ایوننگ کوچنگ سینٹرز شروع کرنے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سی ای او کی تعیناتی کے لئے میرٹ پر عملدرآمد کی ہدایت کردی۔ 

اس موقع پر مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کے سرکاری سکولوں میں بہتر اور معیاری تعلیم کی بحالی کے لئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔ عالمی معیار کے مطابق سرکاری سکول میں پڑھنے والے ہر بچے کا حق ہے۔ 

اجلاس میں سکول ٹرانسپورٹ پروگرام، الیکٹرک بائیک، بیگ فری سکول اور دیگر امور کا جائزہ بھی لیا گیا۔

مزیدخبریں