غریب عوام کے پیسے کو مزید ضائع نہیں ہونے دونگا، وزیرِ اعظم

08:19 PM, 14 Mar, 2024

notype

(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف   نے  کہا ہے کہ حکومتی اخراجات کو کم کریں گے، غریب عوام کے پیسے کو مزید ضائع نہیں ہونے دونگا۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیرِ صدارت ملکی معیشت کی ترقی کیلئے 5 سالہ معاشی روڈمیپ پر اعلی سطحی جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، محمد جہانزیب، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق ملک، وزیرِ مملکت شزہ فاطمہ خواجہ، جہانزیب خان اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو ملکی معیشت کی ترقی کیلئے روڈ میپ اور کلیدی شعبوں میں مجوزہ اقدامات کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا. اجلاس کو بجلی، زراعت و لائیو اسٹاک، برآمدی شعبہ، درمیانے و چھوٹے پیمانے کی صنعت، ٹیکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، سرمایہ کاری اور نجکاری کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

وزیرِ اعظم نے ان مجوزہ اقدامات پر تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرکے ایک جامع پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ   معیشت کے مختلف شعبوں کے تمام اسٹیک ہولڈرز سے اس پلان پر عملدرآمد کیلئے مشاورت کی جائے، وقت ضائع کئے بغیر ملکی معیشت کے استحکام و ترقی کیلئے منصوبوں پر  عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ  ان منصوبوں کے حوالے سے عملدرآمد کا شیڈول بنا کر پیش کیا جائے۔ زراعت، لائیو اسٹاک، انفارمیشن ٹیکنالوجی، بیرونی سرمایہ کاری، چھوٹے و بڑے پیمانے کی صنعتوں کی ترقی کی استعداد میں اضافے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ  حکومتی اخراجات کو کم کریں گے، غریب عوام کے پیسے کو مزید ضائع نہیں ہونے دونگا،  آئندہ 5 برس میں ملکی معیشت کو استحکام دے کر اسے ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  ڈیجٹلائیزیشن اور جدت سے محصولات بڑھائیں گے، زرعی شعبے میں بھی جدت سے فی ایکٹر پیداوار بڑھائیں گے، نقصان میں چلنے والے حکومتی اداروں کی ترجیحی بنیادوں پر نجکاری کی جائے گی۔

مزیدخبریں