(ویب ڈیسک ) حماس کی جانب سے فلسطینیوں سے مسجد اقصیٰ کا ’دفاع‘ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
حماس نے فلسطینیوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ رمضان کے پہلے جمعہ کو مسجد اقصیٰ کا "محاصرہ" توڑ دیں۔ حماس نے مقبوضہ بیت المقدس، مغربی کنارے اور اسرائیل کے فلسطینیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ "اس وقت ہونے والی صہیونی جارحیت کے خلاف مسجد اقصیٰ کے دفاع میں فوری طور پر حصہ لیں"۔
خیال رہے کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے مسلمانوں کے مقدس مہینے کے دوران مسجد اقصیٰ میں داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔
ادھر اسرائیل رمضان المبارک کے پہلے جمعہ کو مسجد اقصیٰ میں داخلے پر نئی پابندیاں عائد کر رہا ہے، جس میں اس دن کے لیے اجازت نامہ اور مقناطیسی کارڈ(Magnetic Card) حاصل کرنے کی شرط بھی شامل ہے۔
اسرائیلی پولیس نے ایک بیان جاری کیا جس میں کہا گیا کہ احاطے تک رسائی کو روکنے کے لیے رکاوٹیں اور گیٹ لگائے جانے کے بارے میں گردش کرنے والی خبریں بے بنیاد ہیں اور ان کا مقصد "ماحول کو بھڑکانا" ہے۔ پولیس کے مطابق حفاظتی گیٹ کو تبدیل کرنے کے لیے دیکھ بھال کا کام کیا جا رہا ہے۔
اسرائیلی پبلک براڈکاسٹنگ کارپوریشن نے اطلاع دی ہے کہ یروشلم اور اس کے گردونواح میں پولیس زیادہ تعداد میں موجود ہوگی ، پہلے رمضان کی نماز جمعہ کی تیاری کے لیے 3,000 اہلکاروں کو تعینات کیا جائے گا۔