”فلسطین اس وقت کربلا بنا ہوا ہے، دنیا تماشا دیکھ رہی ہے“

04:20 PM, 14 May, 2021

شازیہ بشیر

پشاور ( پبلک نیوز) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ مسجد اقصیٰ کو گرانے کی کوشش کی جارہی ہے، یو این او اور او آئی سی صرف مذمت کرتے ہیں۔ شاہ محمود قریشی کو او آئی سی اجلاس بلانے کی درخواست کی ہے۔

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فلسطین میں ہزاروں بچے یتیم کرگئے ہیں، فلسطین اس وقت کربلا بنا ہوا ہے، دنیا تماشا دیکھ رہی ہے۔ اگر 57 اسلامی ممالک نے اسرائیل کو چیلنج کیا تو پھر کوئی بھی ہمارا مقابلہ نہیں کرسکتا۔ مسلمانون کی بستی میں اسرائیلی ٹینک موجود ہیں مسلمانوں کی آبادی کو ختم کی جارہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں 57 سے زائد اسلامی ممالک میں کوئی بھی اسلامی ویلفیئر ملک نہیں ہے۔ 73 سال میں وہ پاکستان نہیں بن سکا جو قائداعظم نے سوچا تھا۔ آج کے حکمران جغرافیائی حفاظت بھی نہیں کرسکے۔ جب تک ووٹر ایک دیانت دار قیادت کے لئے اپنا حق استعمال نہ کریں تب تک اس ملک کی حالت ٹھیک نہیں ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم آئی ایم ایف کے غلام اور دوسرے ممالک کے فطرات اور زکوٰۃ کے لئے مجبور ہوگئے ہیں۔ پاکستان آج معاشی اور بدحالی کا شکار ان کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ہے۔ تمام تر وسائل کے باوجود ملک دن بہ دن خوار ہوتا جارہا ہے۔

مزیدخبریں