'پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا من گھڑت مہم کے ذریعے ملک کو سوڈان بنانا چاہتا ہے'

04:30 PM, 14 May, 2023

احمد علی
نارووال : مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کا سوشل میڈیا من گھڑت مہم کے ذریعے ملک کو سوڈان بنانا چاہتا ہے، ملک دشمنی پر آپ کی جماعت کو شرم آنی چاہیے۔ لیگی رہنما احسن اقبال نے نارووال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حملوں میں ملوث ایک ایک شخص سے حساب لیا جائے گا۔ ہائبرڈ وار میں گولی نہیں چلائی جاتی، عمران نیازی کے ذریعے پہلے ملکی معیشت کو تباہ کیا گیا، ہائبرڈ وار کا ہدف اداروں کو تقسیم کرنا بھی ہوتاہے۔ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ جب آپ سے رسیدیں مانگی جاتی ہیں تو آپ جناح ہاؤس جلا دیتے ہیں، عمران خان آپ کو جواب دینا چاہیے اور رسیدیں دینی چاہیے۔ آج پاکستان ایک شدید بحران میں ہے، پی ٹی آئی کا سوشل میڈیا من گھڑت مہم کے ذریعے ملک کو سوڈان بنانا چاہتا ہے، ملک دشمنی پر آپ کی جماعت کو شرم آنی چاہیے۔ مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اجازت دی گئی کہ وہ پنجاب اسمبلی توڑ دیں، 90 دن کے انتخابات کے سوموٹو ایکشن پر بار ایسوسی ایشن نے سوالات اٹھائے۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ کل 11 بجے سپریم کورٹ کے سامنے پُرامن احتجاج کیا جائے گا، چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کا احترام کرتے ہیں۔ ہ برطانیہ سے آنے والی رقم سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر کی گئی، عمران خان نے پاکستان میں 60 ارب کی چوری کی جو پکڑی گئی، عمران خان ڈھٹائی سے کہتے ہیں اس ٹرانزیکشن کی منظوری کابینہ نے دی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے پاکستان میں انتشارکی بنیاد رکھی ہے، پی ٹی آئی کے حمایتی، ہمدرد سوچیں اور بتائیں، عمران خان نے پاکستانی سیاست میں اب تک کونسا تعمیری کام کیا ہے؟۔
مزیدخبریں