'پی ڈی ایم کی احتجاج کی کال، ایجنسیوں نے جو معلومات دی ہیں وہ خطرناک ہیں'

07:47 PM, 14 May, 2023

احمد علی
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم نے احتجاج کی کال دی ہے، ایجنسیوں نے جو معلومات دی ہیں وہ خطرناک ہیں۔ اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کے ہمراہ نیوز کانفرنس میں رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے۔ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ڈی ایم نے احتجاج کی کال دی ہے، ایجنسیوں نے جو معلومات دی ہیں وہ خطرناک ہیں، لوگ بہت بڑی تعداد میں اسلام آباد آنا چاہتے ہیں، ہمیں اندیشہ ہے ریڈ زون میں احتجاج ہونے پر اسے کنٹرول کرنا مشکل ہو گا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم پاکستان سے یہ معاملہ رکھا، وزراء نے مولانا فضل الرحمان سے درخواست کی ہے کہ احتجاج ریڈ زون سے باہر منتقل کریں، رات دس بجے مولانا سے دوبارہ ملاقات ہے، وہ مشاورت کے بعد جواب دیں گے۔ رانا ثناءاللہ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ چیف جسٹس نے عمران خان کو دیکھ کر کہا آپ کو دیکھ کر بڑی خوشی ہوئی، ہائی کورٹ میں عمران خان کو ملنے والی ریلیف پوری دنیا میں کہیں نہیں ملتی، اس وقت عمران خان قتل بھی کر دیں تو انہیں گرفتار نہیں کیا جا سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ایک منصوبہ کے تحت دہشت گردی کی، ڈی جی آئی ایس پی آر کے بیان پر عمران خان نے تنقید کی، آپکی جماعت کو بھی کالعدم قرار دیا جانا چا ہیے۔ اس ساری صورتحال کے بعد قوم کو کیسے بے وقوف بنایا جا رہا ہے؟ ۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ 60 ارب روپیہ پراپرٹی ٹائیکون کے اکاؤنٹ میں آیا، پراپرٹی ٹائیکون نے 480 ارب روپے سپریم کورٹ میں جمع کروانے تھے، یہ پیسہ قومی خزانے کا تھا، جسے پراپرٹی ٹائیکون کی جیب میں ڈالا گیا، اس کے بدلے میں 700 کنال جگہ حاصل کی، یہ بارگین تھا، جو ٹرسٹ آپ نے بنایا آپ اور آپکی اہلیہ کے علاوہ کوئی اور نہیں ہو سکتا تھا؟۔
مزیدخبریں