200 سے زائد فلائٹس میں سوار ہوکر وارداتیں کرنیوالا ’’ فضائی ڈکیت’’ گرفتار

01:18 PM, 14 May, 2024

ویب ڈیسک : بھارت میں ایک سال کے دوران 200 پروازوں پر سوار ہو کر ملک کے ایئرپورٹس پر ڈکیتیاں کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق   دہلی پولیس نے چوری کے اس نئے انداز کا پردہ فاش کیا جب حیدرآباد سے دہلی جانے والی ایک خاتون نے گزشتہ ماہ شکایت کی کہ ان کے ہینڈ بیگ سے 7 لاکھ روپے کے زیورات چوری ہو گئے ہیں۔
پولیس کو امریکا سے ایک شخص کی طرف سے ایک اور شکایت موصول ہوئی جس میں بتایا گیا کہ ان کے کیبن بیگ سے 20 لاکھ روپے کا قیمتی سامان چوری ہوا ہے۔
شکایات موصول ہونے کے بعد پولیس نے دہلی، حیدرآباد اور امرتسر کے ایئرپورٹس سے سی سی ٹی وی فوٹیج سکین کر کے راجیش کپور نامی شخص کو دہلی کے علاقے پہاڑ گنج سے گرفتار کر لیا ہے۔
 ملزم نے پولیس کو بتایا کہ کس طرح اس نے انڈیا کے محفوظ ترین علاقوں یعنی ایئرپورٹس پر ایک سال تک ڈکیتیاں کیں اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
دہلی پولیس کی ڈپٹی کمشنر اوشا رنگرانی نے کہا کہ اس شخص نے ان مسافروں کو نشانہ بنایا جو کنیکگ فلائٹس لے رہے تھے۔
’اپریل میں حیدرآباد سے دہلی جانے والی خاتون کو دہلی کے آئی جی آئی ایئرپورٹ سے امریکہ جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز میں سوار ہونا پڑا۔ اسی طرح امریکی شہری ورجندرجیت سنگھ امرتسر سے جرمنی جا رہے تھے اور دہلی سے ان کی کنیکٹنگ فلائٹ تھی‘۔
سینئر پولیس اہلکار نے کہا کہ ملزم نے بوڑھے افراد اور خواتین مسافروں کو اپنے ہدف کے طور پر چنا اور ایئرپورٹس پر ان کے رویوں کا مشاہدہ کیا۔ ملزم اپنے اہداف کا پیچھا کرتے ہوئے ’بیگیج ڈیکلریشن سلپ‘ پر دی گئی معلومات کو چالاکی سے پڑھتا تھا اور بیگ کے اندر موجود قیمتی اشیاء کے بارے میں جانکاری لیتا تھا۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم ایئر لائن سے اپنی سیٹ تبدیل کرنے کی درخواست کرتا تھا تاکہ وہ اس مسافر کے ساتھ بیٹھ سکے جسے اس نے اپنا ہدف بنایا تھا۔
پولیس نے مزید کہا کہ وہ مسافر کے ساتھ بیٹھ کر اوور ہیڈ سیکشن میں سامان رکھنے کے لیے اٹھتا تھا اور مسافر کا قیمتی سامان چرا لیتا تھا۔
ملزم کا فون نمبر ایئرلائنز سے حاصل کیا گیا۔ تاہم، اس نے بکنگ کے وقت ان سے دھوکہ دہی کے لیے ایک جعلی نمبر درج کیا، اور فون نمبر کسی اور کے نام پر رجسٹر کیا گیا۔
راجیش نئی دہلی ریلوے سٹیشن کے قریب دہلی پہاڑ گنج میں ایک گیسٹ ہاؤس 'رکی ڈیلکس' کا مالک ہے۔ پولیس کے مطابق راجیش کا منی ایکسچینج کا کاروبار تھا اور دہلی میں موبائل ریپیئرنگ کی دکان بھی چلاتا تھا۔
راجیش نے دہلی، چنئی، حیدرآباد، چندی گڑھ، بنگلور، ممبئی اور امرتسر جیسے ایئرپورٹس سے زیادہ تر خواتین مسافروں کے بیگ سے قیمتی سامان چرایا۔ پہاڑ گنج میں اس کے گھر سے سونے اور چاندی کے زیورات کی بڑی مقدار بھی برآمد ہوئی ہے۔ تاہم، اس نے یہ بھی اعتراف کیا کہ کئی مواقع پر اس نے چوری شدہ زیورات قرول باغ میں شرد جین نامی جیولر کو بیچے۔
 

مزیدخبریں