ویب ڈیسک :بالی وڈ اداکار سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کے کیس میں ممبئی پولیس نے لارنس بشنوئی گینگ کے ایک اور رکن کو گرفتار کر لیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم جس کی شناخت ہریانہ کے علاقے فتح آباد کے رہائشی ہرپال سنگھ کے نام سے ہوئی ہے، کو ممبئی کرائم برانچ کی ایک ٹیم نے پیر کی شام کو گرفتار کیا تھا۔
حکام کے مطابق منگل کو ملزم ہرپال سنگھ کو ممبئی پہنچایا گیا، جن کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
پولیس نے اداکار سلمان خان پر فائرنگ کے کیس میں اب تک چھ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
14 اپریل کو ممبئی کے علاقے باندرہ میں سلمان خان کی رہائش گاہ کے باہر موٹر سائیکل پر سوار دو افراد نے فائرنگ کی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ سنگھ کا نام ملزم محمد رفیق چودھری سے پوچھ گچھ کے دوران سامنے آیا۔
پولیس کے مطابق سنگھ نے چودھری سے خان کی رہائش گاہ کی ریکی کا کہا تھا اور اسے دو سے تین لاکھ روپے بھی دیے تھے۔
لارنس بشنوئی اور ان کے چھوٹے بھائی انمول بشنوئی کو فائرنگ کیس میں نامزد کیا گیا ہے۔ لارنس بشنوئی اس وقت احمد آباد کی سابرمتی سینٹرل جیل میں قید ہیں جبکہ ان کے چھوٹے بھائی کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ وہ امریکہ یا کینیڈا میں ہیں۔
گذشتہ برس نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ سلمان خان جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کی گینگ کے 10 بڑے اہداف میں شامل ہیں۔
این آئی اے کے مطابق بشنوئی گینگ اداکار کو قتل کرنے کی کوشش کر رہا ہے اور اس کی وجہ اداکار کی جانب سے 1998 میں کیا جانے والا کالے ہرن کا شکار ہے، جس پر بشنوئی کمیونٹی برہم ہوئی تھی۔
لارنس بشنوئی نے کچھ عرصہ قبل انکشاف کیا تھا کہ سمپت نہرا نامی شخص کو اداکار کو نشانہ بنانے کے لیے بھیجا گیا تھا جس نے ان کے گھر کی نگرانی بھی کی تھی اور منصوبے پر عمل سے قبل ملزم پولیس کی نظر میں آ گیا تھا جس کو گرفتار کر لیا گیا تھا۔