'امریکی سازش کا بیانیہ پسِ پشت ڈالنے سے بات ختم نہیں ہوگی'

09:36 AM, 14 Nov, 2022

احمد علی
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ امریکی سازش کا بیانیہ پسِ پشت ڈالنے سے بات ختم نہیں ہوگی عمران خان کو جواب دینا پڑے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے فائنشل ٹائمز کو انٹرویو پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی سازش کا بیانیہ پسِ پشت ڈالنے سے بات ختم نہیں ہوگی عمران خان کو جواب دینا پڑے گا، جس بیانیہ پہ پورے ملک میں انتشار اور جھوٹ پھیلایا، جواب دیئے بغیر صرف دستبرداری کافی نہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج عمران سے سوال نہیں بلکہ آج عمران کی بات پر یقین کرنے والوں کے لئے سوالیہ نشان ہے۔ اپنے جھوٹ کیلئے آئینی عہدوں سے آئین شکنی کرائی، عمران خان ملک کو تہس نہس کر کے آج امریکی سازش کے بیانیہ سے دستبردار ہو گئے ہیں، عمران خان نے اپنے حامیوں کو پاگل اور بھیڑ بکریاں سمجھ رکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان آج امپورٹڈ حکومت اور رجیم چینج کے جھوٹے بیانیہ سے دستبردار ہو گئے، نام نہاد "حقیقی آزادی" کا اصل چہرہ مکمل طور پر بے نقاب ہو گیا، چیئرمین پی ٹی آئی نے اقتدار کی خاطر پاکستان کے خارجہ تعلقات کو سنگین خطرات میں ڈالا ، ہوس اقتدار میں ملکی مفادات کے ساتھ سنگین کھیل کھیلا اور چالیں چلیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم کو جھوٹ سکھا کر اب کہتے ہیں کہ امریکی سازش والی بات ختم؟ سپریم کورٹ کو اپیلیں کرتے رہے اور اب امریکی سازش والی بات ختم؟۔
مزیدخبریں