ارشدشریف کی تصاویر لیک ہونیکا معاملہ،متعلقہ حکام کے بیانات ریکارڈ
10:59 AM, 14 Nov, 2022
اسلام آباد: کینیامیں قتل ہونے والے سینئرصحافی ارشدشریف کی پمز اسلام آباد سے پوسٹ مارٹم تصاویر لیک ہونے کے معاملےکی تحقیقات کے لئے اجلاس ہوا ۔ چیئرمین ڈاکٹر نوید شیخ کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی کا اجلاس ختم ہوگیا،انکوائری کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کرنے والی ٹیم اور دیگر متعلقہ حکام نے بیانات ریکارڈ کروا دئیے، تصاویر لینے والے فوٹوگرافر نے بھی اپنا بیان ریکارڈ کروادیا،۔ ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم کے دوران تمام میڈیکل بورڈ کو موبائل فونز اندر لے جانے کی اجازت نہیں تھی، ہائی پروفائل کیس ہونے کے باعث تصاویر پروفیشنل کیمرے پر کھینچیں گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کیمرہ مین نے کمیٹی کے سامنے بیان دیا کہ تصاویر بنانے کے بعد بورڈ کے سربراہ کے حوالے کر دیا تھا، تصاویر لیک کیسے ہوئے اس کا علم نہیں، کیمرہ سربراہ کے حوالے کر چکا تھا۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی کے اراکین نے بیانات کو ریکارڈ کا حصہ بنا لیا، دو رکنی کمیٹی کو 24 گھنٹے میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی تھی، دو رکنی کمیٹی ڈائریکٹر پمز ڈاکٹر خالد محسود کی ہدایت پر بنائی گئی ہے، دو رکنی انکوائری کمیٹی نے ڈاکٹر خالد محسود کو بھی کمیٹی میں طلب کیا تھا۔