بابر کو کپتان رہنے دیں، اسے نہ چھیڑیں، سینئر کھلاڑیوں کا ذکاء اشرف کو مشورہ

08:16 PM, 14 Nov, 2023

احمد علی
سینئر کھلاڑیوں نے ذکاء اشرف کو مشورہ دیا ہے کہ بابر کو ابھی کپتان رہنے دیں، اسے نہ چھیڑیں. تفصیلات کے مطابق سینئر کھلاڑیوں نے کہا ہے کہ پی ایس ایل کی بنیاد پر کھلاڑیوں کی سلیکشن سمجھ سے باہر ہے۔ جو کبھی ڈومیسٹک نہیں کھیلا وہ پی ایس ایل میں ایک اچھی اننگز کھیل کر ٹیم میں آ جاتا ہے، کہا کہ جب ڈومیسٹک میں پرفارم کرنے والوں کو عزت نہیں دی جائے گی تب یہی رزلٹس سامنے آئیں گے، سلیکشن کمیٹی وہ ہونی چاہیے جو میرٹ پر کام کرے۔ چیئرمین پی سی بی نے پوچھا بابر کی کپتانی پر سب تنقید کر رہے ہیں، کیا کریں؟ سینئر کرکٹرز نے جواب دیا، بابر کو کپتان رہنے دیں اسے نہ چھیڑیں۔ابھی ٹیسٹ سیریز ہے، اگلے سال ٹی 20 ورلڈ کپ ہے، اسے مدنظر رکھ کر فیصلے کریں۔ ادھر چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نے پوری سلیکشن کمیٹی ہی فارغ کر دی۔ کمیٹی میں عبوری چیف سلیکٹر توصیف احمد، وجاہت اللہ واسطی، وسیم حیدر شامل تھے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کے سابق سنیئر کرکٹرز میں سے ہی نیا چیف سلیکٹر منتخب کیا جائے گا، نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان ایک دو روز میں متوقع ہے، دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا انتخاب بھی نئی سلیکشن کمیٹی ہی کرے گی۔
مزیدخبریں