حکومت اور فوج میں کسی قسم کی غلط فہمی نہیں:وزیراعظم
05:30 PM, 14 Oct, 2021
اسلام آباد ( پبلک نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈی جی آئی ایس آئی کی تعیناتی میں تیکنیکی خامی تھی جو ٹھیک ہو گئی ہے۔ حکومت اور فوج میں کسی قسم کی غلط فہمی نہیں، عسکری قیادت سے بطور وزیراعظم مجھ سے زیادہ بہتر تعلقات کسی کے نہیں۔ وزیراعظم کی زیرصدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ وزیر اعظم نے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری، افغانستان صورتحال،ڈالر اور مہنگائی پر 10 منٹ تک گفتگو کی۔ گفتگو کے آغاز میں ہی وزیراعظم نے ڈی جی آئی ایس آئی کی تقرری پر بات شروع کی، نوٹی فیکیشن بارے گردش کرتی خبروں سے متعلق ارکان کو اعتماد میں لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ تقرری کے معاملے پر اختلافات کی خبروں میں کوئی صدارت نہیں۔ ہماری 3 گھنٹے طویل ملاقات ہوئی۔ دونوں نے اپنے اپنے نقطہ نظر کا تبادلہ کیا۔ کچھ تیکنیکی مسائل تھے جو حل کر لیے گئے ہیں۔ اس معاملےپر کسی قسم کا کوئی اختلاف نہیں ہے۔ سب مطمئن رہیں۔ وزیراعظم نے کہا بطور وزیراعظم میرے اور آرمی چیف کے تعلقات بہت مثالی ہیں۔ ماضی میں ایسے تعلقات کی شاید مثال نہ ملے۔ وزیراعظم نے افغانستان کی صورتحال پر بھی اراکین کو آگاہ کیا، امریکا اور افغانستان کے تعلقات بہتر ہونے کی امید ہے۔ افغانستان میں حالات جیسے بھی ہوں، ہمیں ذمہ دارانہ کردار کرنا ہوگا۔ ڈالر بھی اسی وجہ سے مہنگا ہوا جلد چیزیں کنٹرول میں ہوں گی۔ وزیراعظم نے کہا پٹرول کی قیمتیں عالمی منڈی پر منحصر ہیں، مہنگائی کے معاملے پر نظر ہے، ریلیف پیکجز لا رہے ہیں۔ کامیاب پاکستان کے تحت 8 کروڑ افراد کو براہ راست ریلیف پیکج دیں گے۔