پی ٹی آئی احتجاج،علی امین گنڈاپورنےاہم اجلاس طلب کرلیا

10:13 AM, 14 Oct, 2024

ویب ڈیسک:وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے آج اہم اجلاس طلب کر لیا۔

 تفصیلات کے مطابق 15 اکتوبر اسلام آباد احتجاج کے حوالے سے وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے آج 14 اکتوبر کو 3 بجے وزیراعلی ہاؤس پشاور میں اہم اجلاس بلا لیا.جس میں وزیراعلی صوبے کے چاروں ریجنز سے تعلق رکھنے والے پاکستان تحریک انصاف کے قومی و صوبائی اسمبلی نمائندگان اور دیگر پارٹی قائدین سے ملاقاتیں کرینگے. 

15 اکتوبر کو اسلام آباد احتجاج کے انتظامات اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائیگا. احتجاج میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت یقینی بنانے کے لئے حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائیگی۔ اس مقصد کے لئے پارٹی قائدین اور منتخب عوامی نمائندوں کو ذمہ داریاں بھی تفویض کی جائیگی۔

دوسری جانب پشتون امن جرگے سے متعلق وزیر اعلی خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی ذات  کا  مشکور ہوں کہ  پختون  جرگہ امن اورخیریت سے اختتام پزیر ہوا،بحثیت میزبان میں نے  انتہائی مختصر وقت میں  بہترین سہولیات فراہم کرنے کی بھر پور کوشش کی۔ تاہم انتظامات میں کسی بھی کمی  کی معذرت چاہتاہوں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ جرگے میں تمام اقوام کے مشران اور تمام پارٹیوں کے نمائندہ گان نے باہمی مشاورت کی۔میں بحثیت وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا آئین اور قانون کے  دائرہ کار میں رہتے ہوئے اِن تجاویز پر عمل درآمدیقینی بنانے کی بھر پور کوشش کرونگا،جو مطالبات صوبائی حکومت کے دائرہ کا ر میں نہیں ہیں اُن کو متعلقہ  وفاقی حُکام  کے سامنے اُٹھاونگا،وفاق اور دیگرحکام کے ساتھ  بیٹھ کر اِن مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائیگی۔ 

وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت اور ریاست کا فرض ہے کہ وہ عوامی اُمنگوں  کو مدنظر رکھتے ہوئے، مسائل کو  حل کرکے اُن کو مطمئن کریں۔ آج اِن تمام اُمور پر صوبائی اسمبلی میں تفصیلی بات کرونگا۔چونکہ پوری اسمبلی کو کمیٹی کادرجہ دے کر مجھے اِس کا سربراہ بنایا گیا ہے۔ چنانچہ  تمام  حکومتی اور اپوزیشن   پارٹیوں کے ممبران سے  مشاورت  کی جائیگی اور  اُن کی تجاویز کو زیر غور لایا جائے گا۔ میں جرگہ کے تمام شرکاء ، تمام منتخب نمائندوں اور سیاسی جماعتوں کا مشکور ہوں جنہوں نے اِس سلسلے میں مثبت کردار ادا کیا۔

مزیدخبریں