(ویب ڈیسک ) وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کی حدود میں کسی غیر قانونی اجتماع کی اجازت نہیں ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس ہو رہا ہے۔اس حوالے سے وزارت داخلہ نے ضلعی انتظامیہ کو فول پروف سیکورٹی کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
وزارت داخلہ نے چیف کمشنر اسلام اور آئی جی کو مراسلہ لکھ دیا۔جس میں وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اسلام آباد کی حدود میں کسی غیر قانونی اجتماع کی اجازت نہیں ہے، شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے موقع پر کوئی احتجاج یا لاک ڈاؤن نہیں ہو سکتا۔
وزارت داخلہ کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسلام آباد میں کسی بھی احتجاج یا لاک ڈاؤن سے روکنے کے احکامات جاری کیے ہیں، ضلعی انتظامیہ فول پروف سیکورٹی کے لیئے ہر ممکن اقدامات کرے۔
واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔اس دوران جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس 14 سے 17 اکتوبر تک بند رہے گی جب کہ راولپنڈی میں 14 سے 16 اکتوبر تک لاہور اور پشاور سے آنے والے ہیوی ٹریفک کے داخلے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
اس کے علاوہ حکومت نے اسلام آباد میں 3 روزہ عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، اسکول اور کاروبار بند ہیں، اور پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری نفری تعینات ہے۔