احتجاج کیلئے اسلام آباد ضرور جائیں گے، علی امین گنڈا پور

09:38 PM, 14 Oct, 2024

(ویب ڈیسک )  وزیراعلی خیبرپختونخواعلی امین گنڈاپور نے کہا ہےکہ وہ کل احتجاج کے لیے اسلام آباد ضرور جائیں گے۔

علی امین گنڈا پور نے پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ  ہم اسلام آباد جارہے ہیں، بانی پی ٹی آئی  عمران خان کی صحت کے حوالے سے تشویش جائز ہے، امید ہے بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا مطالبہ پورا ہو جائےگا۔

انہوں نے کہا کہ  میں جرگے میں مصروف تھا اس لیے سیاسی کمیٹی میں شریک نہیں ہوا، پارٹی کے فیصلے قبول ہیں،کچھ لوگ بیٹھ کر بیانیہ بناتے ہیں۔

علی امین گنڈاپور نے کہا  کہ  احتجاج بانی پی ٹی آئی کی ملاقات سے مشروط ہے، ملاقات کی اجازت نہ دے کرحکومت ہمیں اس اقدام پر مجبور کر رہی ہے۔

واضح رہے کہ  پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے 15 اکتوبر کو اسلام آباد میں احتجاج  کا اعلان کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا سربراہی اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو   اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔اس دوران  جڑواں شہروں میں میٹرو بس سروس 14 سے 17 اکتوبر تک بند رہے گی جب کہ راولپنڈی میں 14 سے 16 اکتوبر تک لاہور اور پشاور سے آنے والے ہیوی ٹریفک کے داخلے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔

اس کے علاوہ حکومت نے اسلام آباد میں 3 روزہ عام تعطیل کا اعلان کیا ہے، اسکول اور کاروبار بند ہیں، اور پولیس اور نیم فوجی دستوں کی بھاری نفری تعینات ہے۔

مزیدخبریں